کنگسٹن،5جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)تنقید کا شکار ہندوستانی بلے باز کل یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں گزشتہ میچ کی لچر کارکردگی کی تلافی کرتے ہوئے سیریز جیتنے کے ارادے سے اتریں گے۔ہندوستان نے تیسرے ون ڈے میں جب 190رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اننگز کی شرات کی تھی تو مانا جا رہا تھا کہ ٹیم اپنے شاندار بلے بازی کرم کی بدولت آسان جیت درج کرکے سیریز اپنے نام کر لے گی لیکن ٹیم کو بالآخر سست پچ پر 11رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بلے بازوں میں سب سے زیادہ نشانے پر سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی آئے جنہوں نے انتہائی سست بلے بازی کی اور 114گیندوں میں 54رن کی اننگز کے دوران 70گیند خالی کھیلی۔بڑا شاٹ کھیلنے کی اپنی پہلی کوشش میں ہی وہ ناکام رہے اور کیچ تھما بیٹھے، جس سے فنشر کے طور پر ان کے کردار پر ایک بار پھر سوال اٹھنے لگے ہیں۔روندر جڈیجہ بھی خراب شاٹ کھیل کر پویلین لوٹے جس سے اہم موقعوں پر ہندوستان کے نچلے آرڈرکے بلے بازوں کی ناکامی ایک بار پھر اجاگر ہوئی۔ہندوستان کے لئے اب تک شکھر دھون اور اجنکیا رہانے کی قیادت والے ٹاپ آرڈر نے زیادہ تر رنز بنائے ہیں اور ٹیم انڈیا چاہے گی کہ یہ دونوں اپنی بہترین کارکردگی جاری رکھیں۔رہانے سیریز کے چار میچوں میں اب تک تین نصف سنچری اور ایک سنچری جڑ چکے ہیں۔چوتھے ون ڈے میں تین سال سے زیادہ وقت بعدہندوستان کی نمائندگی کرنے والے دنیش کارتک اثر چھوڑنے میں ناکام رہے لیکن مینجمنٹ ٹیم کی صرف ایک ناکامی کے بعد انہیں باہر کرنے کا امکان نہیں ہے۔